ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون شروع ہوسکتا ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موسم اب شدت زیادہ اختیار کر گیا ہے، ایک دم موسم نے تیور بدلے اس لیے گرمی کی شدید لہر پر بات کرنا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ رات کا درجہ حرارت بھی بڑھ چکا ہے، رات کا درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ اسلام آباد میں اس وقت دن کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صاحبزاد خان نے کہا کہ کراچی میں سمندری ہواؤں کی وجہ سے موسم کچھ بہتر ہو جاتا ہے۔27 مئی تک درجہ حرارت زیادہ رہے گا۔
ڈی جی میٹ نے کہا کہ مئی کا مہینہ شروع ہوا تو موسم تبدیل ہوگیا اور شدید گرمی کی لہر بڑھ گئی جس سے انسان، جانور سب بہت متاثر ہوئے ہیں۔موسم کی اس شدت سے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سے 5 ڈگری کا اضافہ ہوتا تو گرمی بڑھتی ہے، 6 سے 8 ڈگری یا زیادہ ہو تو ہیٹ ویو میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ گرین لینڈ کم ہو رہا ہے شہر بھی ورٹیکل کے بجائے ہوریزونٹل بڑھ رہا ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات نے کہا کہ گرمی کی اس شدت میں پانی کا استعمال بڑھا لینا چاہیے، سر ڈھانپ کر باہر نکلیں، ڈھیلے ملبوسات پہنیں۔ لو پریشر ایریا میں شام میں جھکڑ چل سکتے ہیں۔




















