پاکستان میں مون سون بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون شروع ہوسکتا ہے اس سال مون سون میں بھی معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گے اور زیادہ بارشوں سے سندھ اور بلوچستان ذیادہ متاثر ہونگے۔
اس حوالے سے ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینے اپریل میں بارشوں سے تربیلا اور منگلا ڈیموں کو فائدہ پہنچا ہے، خلیج بنگال پر ایک سائیکلون بنا ہوا ہے جو انڈیا کے جنوبی علاقوں کو متاثر کرے گا، شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہوگا جس سے گلوف کا خدشہ ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بالائی فضا میں موجود ہوا کا زیادہ دباؤ، محدود بادلوں کی موجودگی گرمی کی لہر کا باعث ہے۔ اب تک ساہیوال، اوکاڑہ، سبی، بھکر، لاڑکانہ جیکب آباد میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں سورج کی تپش آج بھی برقرار ہے اور یہ صورتحال رواں ہفتے اسی طرح برقرار رہے گی۔




















