کراچی: شہر قائد میں آج گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم آج دن بھر گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ شام سے رات کے درمیان شہر میں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں اس وقت گرمی کی شدت 39 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے جبکہ جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 22 اور زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ چترال، سوات، دیر، بالاکوٹ، مانسہرہ، کوہستان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم ساحلی پٹی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
بعدازاں کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔




















