محکمہ موسمیات کی جانب سے درست پیشگوئی نہ کرنے کی اہم وجہ سامنے آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی اکثر درست ثابت نہیں ہوتی، ایسا ہی کچھ گزشتہ روز ہوا جب محکمہ موسمیات نے تیز بارش کے امکان کو رد کر دیا تھا۔
تاہم محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے برعکس شہر قائد میں بادل برسے اور کچھ علاقوں میں تو تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی اس کارکردگی پر گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا جس میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا محکمہ موسمیات کے آلات درست پیشگوئی کر رہے ہیں؟
سوال کے جواب میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے آلات پرانے ہو چکے ہیں، جس کے باعث بارشوں اور دیگر موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی میں نقائص سامنے آ رہے ہیں۔
دوران اجلاس چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے آلات اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بھاری فنڈز چاہئیں۔




















