سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔
ٹنڈوالہ یاراور گرد نواح میں گرج چمک کےساتھ بارش شروع ہونے سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، اس کے علاوہ سیہون، کنڈیارو، کوٹری اور گرد ونواح میں تیز بارش جبکہ جھڈو، نوکوٹ، ٹنڈوجان محمد میں بھی بارش ہوئی ہے۔
ٹنڈو محمدخان، مٹیاری، ہالہ، نیوسعیدآباد، بھٹ شاہ سمیت گردونواح میں بارش ہوئی جبکہ بارش برستے ہی بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔
مٹیاری میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ بارش کے باعث قومی شاہراہ پرٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
ٹنڈوالہ یار میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے، اس کے علاوہ حیدرآباد شہرو گرد نواح میں طوفانی بارش ہوئی شہر میں موسلادھار بارش سے سخت گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔




















