کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی خبر آگئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں گرمی کی شدت 50 ڈگری سینٹی سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، ہوا کے کم دباؤ کے باعث حبس کی صورتحال برقرار ہے اور ہوا کا کم دباؤ اگر ساحل کی طرف آتا تو بارشیں ہوتی ہیں۔
سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں آج شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جس سے کل سے درجہ حرارت میں کمی آسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ شہر میں گزشتہ رات جولائی کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی ہے، عموماً جولائی کی رات میں زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاتا ہے، یکم ،17 اور 18 جولائی کی رات درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔




















