محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش سے متعلق خبردار کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کل سے شروع ہونے والے بارشوں کے اسپیل کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے، فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح 159 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا اسپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آج موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی،کشمیر، ڈیرہ غا زی خان، موسیٰ خیل بارکھان، کو ہلو اور لورالائی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔




















