Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بارشوں کا حالیہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

ملک بھر میں کہیں تیز تو کہیں درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک میں آج سے 6 اگست تک مون سون کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

طوفانی بارشوں سے مختلف نشیبی علاقوں اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، سلیمان اور کیرتھر رینج میں ہل ٹورنٹس سیلابی صورتحال کا باعث بن سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، نوشہرہ اور پشاور میں شہری سیلاب متوقع ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ تمام بڑے دریاؤں اور انکے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ہے، تاہم این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ذیلی اداروں کو ہدایات جاری کر دیں۔

عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور تعمیرات سے دور رہیں، آبی گزرگاہوں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں گاڑی چلانے یا پیدل چلنے سے گریز کریں۔

سیاحوں اور مسافروں سے درخواست ہے کہ دوران سفر محتاط رہیں اور سفر کرنے سے پہلے موسم اور راستوں کے حالات کا جائزہ لیں۔