Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے اور رات کے اوقات میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ایئر پورٹ، کورنگی، شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، لانڈھی، قائد آباد اور صدر کے اطراف میں بوندا باندی ہوئی۔

کراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہونے سے گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جاسکتا ہے۔

کراچی سے 1000 کلومیٹر دور بحیرہ عرب میں نیا ڈپریشن

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والا کم دباؤ عمان کی جانب رخ کررہا ہے، پاکستان کی کسی بھی ساحلی پٹی کو خطرہ نہیں ہے۔

لوپریشر ایریا ڈپریشن میں تبدیل ہوکر مغرب شمال مغرب کی طرف بڑھ گیا، نظام کراچی کے جنوب مغرب سے تقریباً 1060 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

علاوہ ازیں اورماڑہ کے جنوب سے 1080 کلومیٹر، گوادر سے 1110 کلومیٹر جنوب مشرق میں ہے، تاہم نظام مغرب شمال مغرب عمان کی طرف بڑھنے کا امکان ہے جبکہ لوپریشر ایریا کے اطراف 30 سے 40 یا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو محتاط رہنے اور گہرے سمندر میں جانے سےگریزکرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔