کراچی سمیت ملک بھر میں عیدالضحیٰ کے دنوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں عید کی تعطیلات اور آئندہ ہفتے کے دوران شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، جس کا آغاز 8 جون سے ہوگا اور 12 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا، جوکہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو براہِ راست متاثر کرے گا۔
گرمی کی لہر سے متاثر ہونے والے اہم علاقے:
اسلام آباد، پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقے، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سندھ (بالائی و وسطی حصے)، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ملک کے جنوبی علاقے بھی اس شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
دیگر ممکنہ اثرات:
میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے ساتھ ساتھ گرد آلود اور تیز ہواؤں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آج بھی ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا راج ہوگا۔
ماہرین موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں تاکہ گرمی سے بچا جا سکے۔




















