Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ

آج شہر کا درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک زیادہ رہا، محکمہ موسمیات

کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر کے باعث رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت معمول سے نمایاں حد تک زیادہ رہا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 7.8 ڈگری زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شام 6 بجے بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ پر برقرار رہا جو گرمی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہا، جناح ٹرمینل پر 43.7، گلستانِ جوہر میں 43.3، ماڑی پور میں 43 جب کہ بن قاسم میں 42.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یاد رہے کہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے کی وجہ موسمیاتی دباؤ اور ہوا کے کم بہاؤ کو قرار دیا جارہا ہے جب کہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو شدید گرمی سے محفوظ رکھیں۔