Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بارش برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل؛ شہری احتیاط کریں، پی ڈی ایم اے کی ہدایت

لاہور، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

لاہور: پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے لیے موسم سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم صوبے میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث پنجاب کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چار سے چھ گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

الرٹ کے مطابق لاہور، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے جب کہ ڈیرہ غازی خان، سیالکوٹ، گجرانوالہ اور جہلم میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت واسا، ایمرجنسی سروسز اور دیگر امدادی ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں۔

انہوں نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی جب کہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کو بجلی کی تاروں، کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کیا جائے۔