لندن: برطانوی اخبار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملنے والے غیر ملکی اعزازات پر سوالات اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ ’’گارڈین آف دی بلیو اوشن ایوارڈ‘‘ چند روز قبل ہی تخلیق کیا گیا جب کہ اس کے سرٹیفکیٹ پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سیشلز کی جانب سے دیا گیا ’’گارڈین آف دی بلیو اوشن ایوارڈ‘‘ ایک نیا اعزاز ہے جسے چند روز قبل ہی متعارف کرایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نریندر مودی اس نئے ایوارڈ کے پہلے اور تاحال واحد وصول کنندہ ہیں جس پر مختلف حلقوں میں سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
دی گارڈین کے مطابق ایوارڈ سے متعلق جاری کیے گئے سرٹیفکیٹ کے بارے میں بھی خدشات ظاہر کیے گئے ہیں کہ ممکنہ طور پر اسے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی معاملے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کو کوئی بھی ایوارڈ دے دیا جائے تو وہ اسے حاصل کرنے کے لیے فوراً پہنچ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار کی رپورٹ اور اپوزیشن کے بیانات کے بعد مودی کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔
