خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی میں کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کا بارودی مواد تیار کرنے کا بڑا ٹھکانہ پکڑ لیا تاہم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رہائشی مکانات میں دھماکا خیزمواد کی لیب بنا رکھی تھی جو فورسز نے پکڑلی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کی فیکٹری سے بھاری مقدارمیں آئی ای ڈیز، کواڈ کاپٹر اوردھماکہ خیزمواد تیار کرنے کا لٹریچر بھی برآمد کیا گیا۔ آبادی کے درمیان دھماکا خیز مواد کی لیبز بنانا دہشت گردوں کی وہ مجرمانہ روش ہے جو معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے جاچکے ہیں، میرعلی سے کواڈ کاپٹرز اور بارودی مواد کی برآمدگی ثابت کرتی ہے کہ دہشت گردوں کے تانے بانے سرحد پار سے جڑے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
