روس کے علاقے کباردینو-بالکاریا میں خوفناک برفانی تودہ گرنے سے 11 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ مزید 6 کوہ پیماؤں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
روسی حکام کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز بیزینگی گھاٹی میں پیش آیا، جہاں 33 کوہ پیماؤں پر مشتمل ایک گروپ برفانی تودے کی زد میں آگیا۔
ایمرجنسی حکام کا کہنا ہے کہ 10 کوہ پیما اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ 56 امدادی کارکن دشوار گزار پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم خراب موسم اور مزید برفانی تودے گرنے کے خطرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موسمی حالات بہتر ہونے پر ایم آئی-8 ہیلی کاپٹر سمیت دیگر فضائی وسائل کو بھی ریسکیو آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔
