اردن میں امریکی فوج نے موافق السلطی ایئربیس سے بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کو متبادل مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر معمولی طور پر ہیلی کاپٹرز کو فضائی راستے سے منتقل کرنے کے بجائے مکمل حالت میں فلیٹ بیڈ ٹرکوں کے ذریعے دوسری جگہ منتقل کیا جارہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست فوجی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال انتہائی حساس ہے اور خطے میں امریکی تنصیبات کو ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ لاحق ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کی منتقلی کا مقصد انہیں ممکنہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے محفوظ رکھنا اور امریکی عسکری اثاثوں کو مختلف مقامات پر منتقل کرکے خطرات کم کرنا ہوسکتا ہے۔
رپورٹس میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ بعض ہیلی کاپٹرز حالیہ حملوں کے نتیجے میں ملبے یا دیگر نقصانات کا شکار ہونے کے باعث اپنی مدد سے پرواز کے قابل نہ ہوں جس کے باعث انہیں زمینی راستے سے منتقل کیا جارہا ہو۔
