یمن میں حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں ایک بار پھر تازہ میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور جازان کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے۔
ترجمان نے حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی اور کہا کہ اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حملوں کا مناسب جواب دیں گی۔
یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ حالیہ دنوں میں حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں توانائی اور فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ سعودی حمایت یافتہ فورسز یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تازہ کشیدگی کے باعث بحیرۂ احمر اور باب المندب کی اہم بحری گزرگاہوں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
یمن میں گزشتہ ہفتے سے جاری نئی لڑائی کے دوران 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم مختلف فریقوں کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔



















