ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک امریکی ڈرون بحری جہاز کو نشانہ بنا کر اس کا مشن ناکام بنا دیا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی فوج نے ایرانی فورسز سے براہِ راست مقابلے سے گریز کرتے ہوئے بغیر پائلٹ کشتیاں روانہ کیں جنہیں ہرمز کے داخلی راستے پر کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر اس کے کنٹرول میں ہے اور دشمن کی جانب سے کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ امریکی فوج ایرانی فورسز سے براہِ راست مقابلے سے خوف زدہ ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے دوبارہ بیلسٹک میزائلوں کی تیاری شروع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تہران زیرِ زمین تنصیبات میں بڑی تعداد میں نئے میزائل تیار کررہا ہے جبکہ میزائلوں کی تیاری کے لیے درکار پرزے پہلے ہی ذخیرہ کیے جا چکے تھے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کی جانب سے ٹھوس ایندھن والے میزائل بھی تیار کیے جارہے ہیں جنہیں طویل عرصے تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
