Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جنوبی افریقا، تقریب میں اچانک مسلح افراد کی فائرنگ، خاتون سمیت 11 افراد ہلاک

ہلاک ہونے والے بعض افراد پہلے سے غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے پولیس کے ریکارڈ میں شامل تھے

جنوبی افریقا میں گھر میں جاری پارٹی اچانک خونریز فائرنگ میں تبدیل ہوگئی 3 مسلح افراد نے گھس کر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

واقعہ منگل کی رات تقریباً 11 بجے ڈربن کے قریب کوا مکھوتھا ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جہاں ایک گھر میں پارٹی جاری تھی۔ پولیس کے مطابق 3 مسلح حملہ آور گھر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود 14 افراد کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک زخمی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ایسی خاتون بھی شامل ہے۔

واقعے کے بعد جنوبی افریقی پولیس نے تینوں حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن اور تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، تاہم حریف گروہوں کے درمیان دشمنی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے بعض افراد پہلے سے غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے پولیس کے ریکارڈ میں شامل تھے۔ عینی شاہدین کی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک نے واقعے کے دوران ایک مقتول کی سفید رنگ کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔

خونریز واقعے نے صوبہ کوازولو نٹال میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ جنوبی افریقا میں قتل و فائرنگ کے بڑھتے واقعات کے باعث شہریوں کی سکیورٹی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے، جبکہ سکیورٹی ماہرین کے مطابق ملک میں قتل کی شرح عالمی معیار کے مقابلے میں بدستور انتہائی بلند ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version