دوحہ: قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی تصدیق کردی۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قطر دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں سہولت فراہم کر رہا ہے اور اختلافات کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔
ماجد الانصاری کے مطابق قطر کی کوشش ہے کہ امریکا اور ایران کے مؤقف میں مشترکہ نکات تلاش کیے جائیں اور تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کی جائے۔
ایران کے خلاف ممکنہ بڑے پیمانے پر امریکی فوجی کارروائی سے متعلق سوال پر قطری ترجمان نے کہا کہ دوحہ خطے میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش رکھتا ہے اور صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان متعدد ملاقاتیں اور پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے۔ بعض رابطے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئے جبکہ قطر دونوں فریقوں کے درمیان مزید رابطوں اور ملاقاتوں کی سہولت کاری بھی کر رہا ہے۔
ماجد الانصاری نے کہا کہ ممکنہ معاہدے کی راہ میں کئی رکاوٹیں موجود ہیں تاہم قطر کا مقصد فریقین کے درمیان اختلافات کم کرنا اور ایسے حل کی تلاش ہے جو خطے میں امن و استحکام اور معمول کی صورتحال کی بحالی میں مدد دے۔
قطر نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ خطے کو مزید جنگ اور کشیدگی سے بچانے کے لیے مذاکرات، بقائے باہمی اور باہمی عدم جارحیت کے اصولوں پر مبنی علاقائی سیکیورٹی فریم ورک ضروری ہے۔
