Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دبئی سے لندن جانے والے ایمرٹس کے طیارے کی فرینکفرٹ میں ہنگامی لینڈنگ، وجہ سامنے آگئی

ایمرٹس نے طیارے کا رخ تبدیل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انتظامی وجوہات قرار دیا ہے۔

فضائی کمپنی ایمرٹس کے دبئی سے لندن جانے والے بڑے مسافر طیارے نے دوران پرواز ہنگامی صورتحال کے باعث جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کا رخ کرلیا۔ طیارے کو بحفاظت فرینکفرٹ کے ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی سے لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے جانے والی پرواز دورانِ سفر اچانک ہنگامی صورتحال سے دوچار ہوگئی جس کے بعد طیارے کے عملے نے ہنگامی حالت کا سگنل جاری کیا۔

رپورٹ کے مطابق طیارہ یورپی فضائی حدود میں تقریباً 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا اور دبئی سے روانگی کے تقریباً 6 گھنٹے بعد عملے نے ہنگامی صورتحال کی اطلاع دی۔

ہنگامی اطلاع کے بعد طیارے نے اپنی منزل لندن کے بجائے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کا رخ کیا اور بلندی کم کرتے ہوئے فرینکفرٹ کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کی۔

طیارہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 9 منٹ پر ہوائی اڈے کے رن وے پر بحفاظت اترا جس کے بعد اسے ہوائی اڈے کے مخصوص مقام پر منتقل کردیا گیا۔

فضائی کمپنی ایمرٹس نے طیارے کا رخ تبدیل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دبئی سے لندن ہیتھرو جانے والی پرواز کو دورانِ سفر مسافر کی طبی ہنگامی حالت کے باعث فرینکفرٹ کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

فضائی کمپنی کے مطابق پرواز کے دوران طیارے کے عملے نے متاثرہ مسافر کو ضروری طبی معاونت فراہم کی جب کہ فرینکفرٹ پہنچنے پر مسافر کے لیے مزید طبی امداد کا بھی انتظام کیا گیا۔

ایمرٹس کے مطابق طیارے نے فرینکفرٹ میں بحفاظت لینڈنگ کی جس کے بعد طبیعت خراب ہونے والے مسافر کو طیارے سے اتار کر مزید علاج کے لیے طبی عملے کے حوالے کردیا گیا۔

فضائی کمپنی نے مزید بتایا کہ مسافر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد پرواز کے دوبارہ لندن روانہ ہونے کی توقع ہے۔ پرواز مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے فرینکفرٹ سے لندن ہیتھرو کے لیے روانہ ہونے کا امکان ہے۔

تاہم فضائی کمپنی نے مسافر کی طبی حالت یا اسے لاحق بیماری سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version