Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حوثیوں کے خلاف بڑے حملوں کی تیاری؛ سعودی عرب اور یمن نے منصوبہ تیار کرلیا

‘مجوزہ منصوبے کے تحت باب المندب کے گردونواح میں محدود حملے کیے جائیں گے’

ریاض: سعودی عرب اور یمن کی مسلح افواج نے حوثیوں کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری شروع کردی ہے جس میں بحیرہ احمر اور باب المندب کے اطراف مختلف محاذوں پر کارروائیوں کا منصوبہ شامل ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت باب المندب کے گردونواح میں محدود حملے کیے جائیں گے جبکہ البیضا، مارب، تعز اور الجوف کے صوبوں میں متعدد محاذوں پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں متوقع ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی نگرانی میں ایک لاکھ سے زائد یمنی فوجی زمینی پیش قدمی کریں گے جبکہ سعودی فضائیہ کارروائیوں میں معاونت کرے گی۔ یہ فوجی آپریشن آئندہ چند ہفتوں کے دوران شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد باب المندب آبنائے اور بحیرہ احمر کے اہم بحری راستے پر حوثیوں کا کنٹرول ختم کرنا ہے۔ امریکا پہلے ہی یمن میں سعودی کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس معاونت فراہم کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خطے کے بعض ممالک اور یورپی ریاستیں بھی سعودی عرب کو زیادہ تر دفاعی نوعیت کی فوجی معاونت فراہم کر رہی ہیں تاہم سعودی اتحادی ممالک کی جانب سے ممکنہ آپریشن میں براہِ راست فوجی کردار ادا کرنے کی توقع نہیں کی جا رہی۔