امریکا نے برطانیہ کے رائل ایئر فورس فیئر فورڈ اڈے سے اپنے تمام بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کردیے ہیں جہاں ایران کے خلاف ممکنہ کارروائیوں کے تناظر میں بی-52 اور بی-1 بمبار طیارے تعینات کیے گئے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی بمبار طیاروں کی واپسی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب فیئر فورڈ اڈے پر مبینہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ فیئر فورڈ سے بمبار طیاروں کو امریکا میں موجود ان کے متعلقہ ہوم بیسز پر واپس بھیج دیا گیا ہے۔ حساس نوعیت کی فوجی نقل و حرکت کے باعث عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر معلومات فراہم کیں۔
ایوی ایشن مانیٹرز کے مطابق ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی دنوں سے ہی درجنوں بی-52 اور بی-1 بمبار طیارے RAF فیئر فورڈ سے آپریشنز میں حصہ لے رہے تھے تاہم اتوار کے روز متعدد بی-1 بمبار طیاروں کو اڈے سے روانہ ہوتے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی بمبار طیاروں کی واپسی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جنگ کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی اور ممکنہ مزید فوجی کارروائیوں پر غور کر رہے ہیں۔



















