Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس امریکا اور عالمی منڈی کو لاکھوں ٹن ڈیزل فراہم کرے گا، ٹرمپ کا دعویٰ

‘ڈیزل کی ریکارڈ بلند قیمتوں میں جلد نمایاں کمی آئے گی’

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو مرحلہ وار مجموعی طور پر 18 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فون پر انتہائی کامیاب گفتگو ہوئی ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کیا جائے گا جبکہ نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن اور اس کے بعد 10 لاکھ ٹن ڈیزل کی فراہمی متوقع ہے۔ ڈیزل کی ریکارڈ بلند قیمتوں میں جلد نمایاں کمی آئے گی جس سے متعلق بہت جلد اعلان بھی کروں گا۔

روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی گفتگو میں یوکرین بحران کے حل، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کریملن کے بیان کے مطابق صدر پیوٹن نے یوکرین کے معاملے پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے وقت اور امکانات پر غور کرنے کی بات کی جبکہ صدر ٹرمپ نے ایران تنازع کے حل میں روس کے کردار کو سراہا۔

روسی صدر نے اس موقع پر کہا کہ امریکی مارکیٹ میں روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

کریملن کا مزید کہنا تھا کہ دونوں صدور نومبر میں چین میں منعقد ہونے والی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے خواہش مند ہیں۔

متعلقہ خبریں