Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مطالبات کی منظوری کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے، ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام

‘مطالبات تسلیم کیے بغیر امریکا سے جنگ ختم کرنے پر رضامند نہیں ہوں گے’

تہران: ایران نے امریکا کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے مطالبات کی منظوری کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہران غیرمعینہ مدت تک جنگ جاری رکھنے یا طویل مذاکرات میں الجھنے کا بھی خواہاں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا مقصد ایک ایسا پائیدار دفاعی توازن قائم کرنا ہے جو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جارحیت کو روکنے میں مدد دے سکے، مذاکرات کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں تاہم مطالبات تسلیم کیے بغیر جنگ ختم کرنے پر رضامند نہیں ہوں گے۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق قالیباف نے امریکا کی جانب سے دباؤ بڑھانے اور مقررہ ڈیڈ لائنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلتیں گزر چکی ہیں۔ ان اقدامات میں ایران پر معاشی دباؤ میں اضافہ کرنے کی کوششیں بھی شامل تھیں تاہم ان کے باوجود ایرانی نظام بدستور کام کر رہا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی معاشی پیش گوئیوں پر طنز کرتے ہوئے انہیں فزکس کا نوبیل انعام دینے کا مطالبہ کیا۔

 باقر قالیباف کا مزید کہنا تھا کہ بیسنٹ کی جانب سے امریکی دباؤ کے ممکنہ نتائج سے متعلق پیش گوئیوں نے وقت کے تصور کو بھی بےمعنی بنادیا ہے۔

Exit mobile version