سعودی عرب کے شہر دمام میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ملک کے تیل سے مالا مال مشرقی علاقے میں پانچ ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔
سعودی وزارتِ توانائی نے بتایا کہ سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع آرامکو کے شیبہ آئل فیلڈ کی جانب آنے والے ایک ڈرون کو روکنے کی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے 2 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق فلپائن اور نیپال سے تھا، جبکہ زخمیوں میں پاکستانی اور بھارتی شہری شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزارتِ خارجہ نے ریاض میں قائم اپنے سفارت خانے کے غیر ضروری عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکا نے متحدہ عرب امارات، اردن، قطر اور بحرین میں بھی اپنے سفارتی عملے کے اہلِ خانہ کو ان ممالک سے روانہ ہونے کا حکم دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے یہ اقدامات خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یمن کے حوثیوں کے ساتھ ممکنہ تصادم کے خدشات کے تناظر میں کیے ہیں۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے نے بھی سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے مزید حملوں کے امکان کے حوالے سے سکیورٹی انتباہ جاری کیا ہے۔
