امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں قبل از وقت ووٹنگ کا عمل جاری ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ ویسٹ پام بیچ میں قائم پولنگ مرکز میں ووٹ ڈالا۔
اس موقع پر امریکی صدر نے بتایا کہ میں نے ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیا ہے تاہم ووٹنگ کے بعد وہ ریاست جارجیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کے لیے روانہ ہوگئے۔
صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے امریکا میں بدعنوانی کے معاملے پر ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کرپشن کا بنیادی مسئلہ ڈیموکریٹس کے زیر انتظام شہروں اور اضلاع میں ہے۔
امریکی انتخابات میں اب چند روز باقی رہ گئے ہیں جبکہ مختلف عوامی جائزوں کے مطابق ریپبلکن پارٹی کو ایوانِ نمائندگان میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ سینیٹ میں بھی پارٹی کی پوزیشن غیر یقینی بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کی تھی۔




















