تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران آج تہران میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اعلیٰ سکیورٹی اور فوجی حکام کی میزبانی کر رہا ہے جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ ایران کے دوران بھی اس ملاقات کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کے درمیان اعتماد کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میں فلسطین، لبنان اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوگی جبکہ ایران کے خلاف امریکی جنگ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ تمام صورتحال پر نظر ہے اور ہر قسم کےحالات کے لیے تیار ہیں۔ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ایران اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا جبکہ ایرانی فوج ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران مکہ معاہدے کے رکن ممالک کے حکام کی میزبانی کے لیے پُرجوش ہے اور ان کا کھلے دل سے استقبال کیا جائے گا۔ اجلاس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں پر بھی بات چیت ہوگی اور قطری وفد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔




















