پاکستان میں 2026 کا 8 واں پولیو کیس سامنے آگیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے 2026 کا آٹھواں پولیو کیس رپورٹ ہوا، اس طرح رواں سال پاکستان میں اب تک پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 6 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج مرض ہے تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کل سے شروع ہوگی جوکہ 2 سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہے گی جس میں 5 سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔















