Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میٹا کا انسٹاگرام سے الگ نئی میسجنگ ایپ ’ڈائریکٹ‘ متعارف کرانے کا فیصلہ 

نئی ایپ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی اس میں رجسٹریشن کرسکیں گے

معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے انسٹاگرام کے میسجنگ نظام کو مرکزی ایپ سے الگ کرکے ’ڈائریکٹ‘ (Direct) کے نام سے ایک نئی میسجنگ ایپ متعارف کرانے پر کام شروع کردیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو سوشل میڈیا فیڈ، پوسٹس اور ریلز سے الگ صرف پیغام رسانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی ایپ کے ذریعے صارفین کو پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے انسٹاگرام کی مرکزی ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ براہ راست ڈائریکٹ ایپ کے ذریعے اپنے دوستوں اور دیگر رابطوں سے گفتگو کرسکیں گے۔

میٹا نے ابتدائی مرحلے میں یہ ایپ ترکیہ اور تھائی لینڈ میں متعارف کرائی ہے جہاں اس کی دستیابی اور صارفین کے ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ تاہم دیگر ممالک میں اس کے اجرا کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

نئی ایپ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ صارفین انسٹاگرام اکاؤنٹ کے بغیر بھی اس میں رجسٹریشن کرسکیں گے۔ اس مقصد کے لیے موبائل نمبر یا ای میل ایڈریس استعمال کیا جاسکے گا جبکہ پہلے سے انسٹاگرام اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین اپنے موجودہ اکاؤنٹ کے ذریعے بھی لاگ اِن کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے میٹا کا نیا اے آئی نظام متعارف

ڈائریکٹ ایپ میں انفرادی اور گروپ چیٹ سمیت انسٹاگرام کے متعدد مقبول میسجنگ فیچرز شامل کیے جائیں گے۔ ان میں ڈرائنگ، پرسنلائزڈ اسٹیکرز، نوٹس، وائس ایفیکٹس اور چیٹ تھیمز شامل ہیں۔

صارفین گفتگو کے دوران اپنی مرضی کی ڈرائنگ بنا کر بھیج سکیں گے، مختلف اسٹیکرز استعمال کرسکیں گے اور وائس میسجز میں خصوصی صوتی اثرات بھی شامل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ چیٹ کے پس منظر اور تھیمز کو اپنی پسند کے مطابق تبدیل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

میٹا کے مطابق نئی ایپ 13 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی جبکہ نوعمر افراد کے تحفظ کے لیے عمر سے متعلق پابندیاں اور والدین کی نگرانی کے خصوصی فیچرز بھی شامل کیے جائیں گے۔

انسٹاگرام کی میسجنگ کا آغاز کب ہوا؟

انسٹاگرام نے پہلی مرتبہ 2013 میں ’ڈائریکٹ‘ کے نام سے نجی پیغام رسانی کا فیچر متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے صارفین پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کو براہ راست پیغامات بھیج سکتے تھے۔

بعد ازاں 2019 میں میٹا نے فیس بک میسنجر اور انسٹاگرام کے میسجنگ نظام کو یکجا کرنے کی کوشش کی تاکہ دونوں پلیٹ فارمز کے صارفین ایک دوسرے سے رابطہ کرسکیں۔

اب کمپنی ایک بار پھر انسٹاگرام کی میسجنگ سروس کو علیحدہ ایپ کی شکل دینے کی جانب بڑھ رہی ہے تاہم اس مرتبہ بنیادی مقصد صارفین کو سوشل میڈیا کے دیگر مواد سے الگ ایک مخصوص چیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ اور میسنجر سے کیسے مختلف ہوگی؟

میٹا کے پاس پہلے ہی واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر جیسی بڑی میسجنگ سروسز موجود ہیں تاہم ڈائریکٹ ایپ کا بنیادی ہدف انسٹاگرام صارفین اور ان کے رابطوں کو ایک الگ پیغام رسانی کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس اقدام کے ذریعے کمپنی ان صارفین کو بھی متوجہ کرنا چاہتی ہے جو انسٹاگرام صرف پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور سوشل میڈیا فیڈ یا ریلز دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق میٹا کا یہ اقدام ڈیجیٹل میسجنگ کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مقابلے کی عکاسی کرتا ہے تاہم نئی ایپ کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ صارفین اسے واٹس ایپ اور میسنجر کے مقابلے میں کس حد تک اپناتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version