وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچوں کی راۓ اور جذبات کا احترام ا نکی عزتِ نفس کو مجروع ہونے سے بچاتا ہے بچوں کی آواز سننے والا معاشرہ ہی منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بچوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج بچوں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستانی نونہالِ وطن کے لیے جذبہِ شفقت و محبت کا دِلی اظہار کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوو نما، علمی و فکری تربیت، اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا تجدیدِ عزم کرتے ہوئے کہا کہ بچے قوم کے تابندہ مستقبل کے معمار، قومی تہذیب کے پاسبان اور روایات و اقدار کے امین ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ بچوں کےلیے یہ مختص دن، اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال کی منظوری کی یاد میں عالمی سطح پر منایا جاتا ہے جبکہ اس سال کا موضوع ”میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل“ بچوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ انفرادی، سماجی اور ریاستی سطح پر تمام صاحبِ شعور ذمہ داران کو فیصلہ سازی میں بچوں کے نقطۂ نظر کی بامعنی شرکت یقینی بنانا چاہیے آئین پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کی بنیاد فراہم کرتا ہے حکومت اس آئینی ضمانت کو متعدد قانونی اور ادارہ جاتی اقدامات کے زریعے عملی جامہ پہنا رہی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت کوشاں ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ بلا تفریق, مالی حالات سے قطع نظر، معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، غذائیت، تحفظ اور یکساں مواقع تک رسائی رکھتا ہو ملک بھر میں متعدد دانش سکول کا قیام، معیاری تعلیم کی فراہمی اور بچوں کی قابلیت کی ستائش اور نکھار کو یقینی بنانے کی سعی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کے سکولوں میں اندراج کے لیۓ وفاقی سطح پر خصوصی اقدامات کیۓ جارہے ہیں حکومت کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر کار بند ہے۔
شہباز شریف کے مطابق حکومت نے اکتوبر 2026 میں عالمی ادارۂ صحت اور یونیسف کے تعاون سے پاکستان کی پہلی قومی حکمتِ عملی برائے انسدادِ تشددِ اطفال (2026–2031) کا آغاز کیا۔اس کا مقصد بچوں کے خلاف تشدد کے سدِباب کے لیے مربوط قومی ردعمل یقینی بنانا ہے۔ یہ حکمتِ عملی بچوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد، بشمول بدسلوکی و استحصال کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے قومی لائحہ عمل فراہم کرتی ہے۔
جنوری 2026 میں اقوام متحدہ کمیٹی میں پاکستان کی چھٹی اور ساتویں مشترکہ دورانیہ وار رپورٹس کا جائزہ بھی عالمی انسانی حقوق کے نظام سے ہماری مسلسل وابستگی کا مظہر ہے۔ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ پروٹیکشن پالیسی 2026 کا اجرا،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 بچوں کے لیۓ جامع نظامِ تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ پروٹیکشن پالیسی 2026 کا اجرا،اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 بچوں کے لیۓ جامع نظامِ تحفظ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان میں کم عمری و جبری شادی اور نقصان دہ رسوم کے تدارک کے لیۓ قومی فریم ورک کی تیاری ہمارے عزم کی عکاس ہے۔ نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ، بچوں کے حقوق کی نگرانی اور حفاظت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا چائلڈ لیبر اور بچوں کے لیۓ کم غذائیت والی غذا جیسےچیلنجز ہماری مسلسل توجہ اور اجتماعی اقدامات کے متقاضی ہیں میں صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ترقیاتی شراکت داروں، میڈیا، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور تمام برادریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمارے بچوں کے لیے محفوظ، جامع اور سازگار ماحول کی تشکیل میں اپنی ذمہ داری ادا کریں۔
