امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں 13 بار ادویات کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے ادویات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسولین اور اینٹی بائیوٹک کی قیمتیں سو سے تین سو فیصد بڑھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تین برسوں میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، حکومت ڈرگ پرائسنگ پالیسی واپس لے۔
سراج الحق نے کہا کہ غریبوں میں معمولی بخار کی دوائی خریدنے کی سکت نہیں ہے، بھارت میں جو دوائی 100 روپے کی ہے یہاں 500 کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوائی کی قیمت وہی ہونی چاہیے جس کا پی ٹی آئی نے وعدہ کیا تھا ، ڈرگ اور پٹرول مافیا اربوں بٹور رہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی اور غربت نے کروڑوں لوگوں کی کمر توڑ دی ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

















