کراچی : شہرقائد گرمی کی شدید لپیٹ میں ہے، جس کے باعث گرمی سے جانور بھی نڈھال ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کو گرمی سے بچانے کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں ببر شیر ، بنگال ٹائیگر اور بن مانس کے پنجروں میں برف کی سلیں رکھ دی گئی جبکہ ہاتھی کےلئے بھی پانی کا انتظام کیا گیا ہے۔
انچارج چڑیا گھر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جانوروں کو گرمی کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے گلوکوس بھی پلایا جارہا یے۔
واضح رہےکہ محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں دن میں حبس جبکہ شام میں بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔
آج شہرکا درجہ حرارت 38 سے40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
سمندری ہوائیں معطل
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ شمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں۔
سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 3 روز تک موسم گرم رہ سکتا ہے۔
گزشتہ شب کراچی کی گرم ترین رات قرار
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب ماہِ ستمبر میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں 11 ستمبر 1962ء اور 5 ستمبر 2011ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 6 ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی میں 20 ستمبر 1988ء کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
واضح رہےکہ اسلام آباد میں دن کے وقت موسم گرم اور شام کو بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
تھرپارکر، ٹھٹھہ اور مٹھی کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں کے موسلادھار بارش ممکن ہے۔
پشاور اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔















