چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران صوبے میں جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور مختلف فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل کو سرحدی علاقوں میں کیے جانے والے انتظامی اقدامات اور سکیورٹی فورسز کی تیاریوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات اور ثابت قدمی کی بھی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہداء پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔



















