اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل داخل نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق حکومتی قانونی ٹیم کا عملہ بدستور اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود ہے تاہم انٹراکورٹ اپیل وصول کرنے کیلئے تاحال عدالتی عملہ نہیں پہنچا۔ ماضی میں رات گئے عدالت کھلنے کی مثالیں موجود ہیں تاہم ذرائع یہ امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ صبح اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 31دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔
حکومت اور الیکشن کمیشن نے تیاری نہ ہونے کے باعث الیکشن کرانے کا انٹراکورٹ فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حکومتی ٹیم اور الیکشن کمیشن حکام ہائی کورٹ پہنچے جہاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مشاورت کے بعد انٹراکورٹ اپیل بھی تیار کرلی گئی لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ کی انسٹی ٹیوشن برانچ ہی رات گئے تک نہ کھل سکی جس پر حکومتی ٹیم نے صلاح مشورہ کیا اور اپیل صبح دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔
صبح الیکشن کرانے کا حکم بھی ہے جبکہ انٹرا کورٹ اپیل بھی صبح ہی دائر ہوگی تاہم اس غیر یقینی صورتحال کے سبب بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے نمائندے اور عوام بھی تذںذب کا شکار ہے۔


















