Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مسلم لیگ ن کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا، پرویز الہیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تخت پر قبضے کی خواہش رکھنے والوں کو راتوں رات فرار ہونا پڑا۔

وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، صوبائی وزیر راجہ بشارت، ایم این اے حسین الٰہی سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں سیاسی منظرنامے پر گفتگو کے ساتھ ساتھ عمومی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب

وزیر اعلی پنجاب نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ رانا ثناء اللہ حقائق مسخ اور عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں،  رانا ثناء اللہ عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر رہے ہیں، رانا ثناءاللہ اور ان کی قیادت جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں ان کی کوئی ساکھ نہیں ، رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ کو پنجاب میں عبرتناک شکست ہوئی، پنجاب کے تخت پر قبضے کی خواہش رکھنے والوں کو راتوں رات فرار ہونا پڑا،  اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا، آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔

چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا، سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں،  پنجاب اسمبلی پر شب خون مارنے کی کوشش کرنے والے اب روتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے ہیں، ایوان میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد  اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا کہ پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن نے اپنی واضح شکست دیکھنے کے بعد رائے شماری کے عمل کے دوران ہی احتجاجاً ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔

متعلقہ خبریں