اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز قائد حزبِ اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ الیکشن ہر صورت ہونگے اور عوام کی نمائندہ حکومت قائم ہوگی۔
سینیٹر شہزاد وسیم نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا، منتخب حکومت ہی ملک کوت باہی سے نکال سکتی ہے۔
اشتہاریوں کی حکومت صرف اشتہاروں میں نظرآتی ہے
انہوں نے کہا کہ اشتہاریوں کی حکومت صرف اشتہاروں میں نظرآتی ہے، حکومت کے سارے کام صرف اشتہاروں میں ہوتے ہیں۔
شہزاد وسیم نے کہا کہ بھیک مانگنے کیلئے لاؤ لشکر کے ساتھ جنیوا گئے، جنیوا کانفرنس میں 9ارب ڈالر سے زائد کی امداد ہوئی، وزیر خزانہ نے تسلیم کیا امداد نہیں بلکہ قرضہ دیا گیا۔
حکومت کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے
قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ حکومت کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے، ہم آپ کو کھینچ کر عوام کے سامنے لا کر بے نقاب کرینگے، حکومت کو عوام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سینیٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا کہ وزراء کی فوج اور بیرون ملک دوروں سے حکومت نہیں چلتی، حکومت اب گلی محلوں کے الیکشن سے بھی بھاگ رہی ہے، حکومت گلی محلوں کے الیکشن بھی لڑنے کے قابل نہیں رہی ، الیکشن ہر صورت ہونگے اور عوام کی نمائندہ حکومت قائم ہوگی۔
اپوزیشن کا ایوان بالا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
اس سے قبل اپوزیشن کی جانب سے ایوان بالا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اپوزیشن نے ایوان بالا میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سینیٹ اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں سینیٹر شہزاد وسیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر ایوان میں آواز اٹھائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یہ حکومت قانون پاس نہیں بلڈوز کرنے آئی ہے، شہزاد وسیم
قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت صرف بھیک مانگنے میں مصروف ہے، ملکی مسائل کا واحد حل الیکشن ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر ڈاکٹر زرقا، سینیٹر سیمی ایزدی، دوست محمد خان اور فوزیہ ارشد نے شرکت کی۔

















