الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخوست مسترد کردی۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹرز ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا وقت بڑھانے کی دارخوست کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا تھا کہ کراچی بھر میں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی، پولنگ کا وقت 2 گھنٹے بڑھایا جائے، پولنگ شام 7 بجے تک جاری رہنی چاہیے۔
واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ بلدیاتی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل شروع
سندھ میں بلدیاتی انتخابات 16 اضلاع میں ہورہے ہیں جن میں کراچی ڈویژن کے 7 اور حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع شامل ہیں۔
سندھ بلدیاتی انتخابات کے لئے 8706 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، مردوں کے لیے 1204 اور خواتین کے لیے 1170 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

















