Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد سے کراچی منتقلی روکنے کیلئے شیخ رشید کی درخواست پر اعتراض عائد

رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد سے کراچی منتقلی روکنے کیلئے شیخ رشید کی درخواست پراعتراض عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے درخواست پر دو اعتراضات عائد کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں میں درج مقدمات ہم کیسے دیکھ سکتے ہیں؟ کوئی بھی معاملہ ہو اس پر مقدمہ درج کرنے سے کیسے روک سکتے ہیں؟

اس سے قبل سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی اور مری کے مقدمات میں حوالگی روکنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرکی تھی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا۔

شیخ رشید نے اپنے وکیل سردارعبد الرازق خان کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگایا جس کا میں نے حوالہ دیا۔

شیخ رشید نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ میرے خلاف مقدمات میں مدعی متاثرہ فریق نہیں۔ استدعا ہے کہ سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے استدعا کی کہ آبپارہ، مری اور کراچی کے مقدمات غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیں اور کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آباد منتقل کیا جائے۔

وکیل سردارعبد الرازق خان نے شیخ رشید کی جانب سے درخواست میں یہ بھی استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست میں اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے آئی جیزاور سیکریٹری داخلہ فریق ہیں۔

متعلقہ خبریں