گزشتہ روز نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو تین رنز سے شکست دی تھی۔
پی ایس ایل کا نمائشی میچ گزشتہ روز کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
اس میچ میں کوئٹہ نے تین رنز سے کامیابی اپنے نام کی لیکن میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کافی پرجوش دکھائی دیے جب کہ انہوں نے نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا جسے کیمرے نے ریکارڈ کرلیا۔
پشاور زلمی کی اننگز میں چوتھے اوورز کے دوران جب ایمل خان کی گیند پر محمد حارث نے باؤنڈری لگائی تو سرفراز احمد کو پس منظر میں اپنے ساتھی کھلاڑی کو گالی دیتے ہوئے سنا گیا۔
پشاور زلمی نے 3.4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 40 رنز اسکور کرلیے تھے جس کی وجہ سے سرفراز احمد کافی ناراض دکھائی دے رہے تھے۔
سرفرا احمد کو اس سے قبل بھی فیلڈنگ کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ نازیبا زبان کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد پر گزشتہ سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران بلوچستان کے خلاف کھیلتے ہوئے نامناسب زبان استعمال کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ پی سی بی نے سرفراز احمد پر آرٹیکل 2.3 کے تحت فرد جرم عائد کی تھی.
یاد رہے کہ سرفراز احمد 13 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں بدستور آٹھویں مرتبہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔




















