Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر، سماعت کل ہوگی

سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائرکی گئی جس پر کل سماعت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی۔

سیشن جج طاہر محمود نے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت ایڈیشنل سیشن جج کو بھجوا دی، ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت پر کل سماعت کریں گے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس کی معاونت سے پراسیکیوشن نے شیخ رشید پر جھوٹے الزامات لگائے اور ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس معطل ہونے کے باوجود شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

سابق وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید پر ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات عام شہری کی درخواست پر نہیں لگ سکتی۔

درخواست گزار کے مطابق شیخ رشید کو صرف سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ان کے خلاف پولیس نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، شیخ رشید اڈیالہ جیل میں قید ہیں مزید تفتیش کی ضرورت نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت منظور کرے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں