Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان ترکیہ اور شام کے بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا،وزیر اعظم

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ اور شام کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم کو ترکیہ اور شام میں پاکستانی سفراء نے زلزلہ زدہ علاقوں کی موجودہ صورتحال اور متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اجلاس کو ترکیہ میں پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ترکیہ اور شام میں بھیجے جانے والے امدادی سامان کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے ترکیہ میں سردی سے بچاؤ والے خیمے، کمبل اور لحاف، گرم کپڑے بھیجے جار رہے ہیں، اس سامان کا خاطر خواہ حصہ فضائی راستے (ایئر برج) کے ذریعے بھیجا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ روز 21 ٹرکوں کا قافلہ مزید خیمے، لحاف وکمبل اور گرم کپڑے لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہو گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں این ڈی ایم اے کے کلیکشن پوائنٹس پر پاکستانی عوام کی طرف سے امدادی سامان پہنچنا شروع ہو گیا ہے، آئندہ چند روز میں 1600 ٹن راشن بذریعہ زمینی و سمندری راستے ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مجموعی طور پر ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے 11 ہزار سے زائد سردی سے بچاؤ کے خیمے فوری طور پر بھیج رہا ہے جبکہ 14 ہزار خیمے آئندہ ہفتے تک روانہ کیے جائیں گے اور اسکے علاوہ 42 ہزار سے زائد کمبل بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان بھیج رہا ہے بلکہ اسکی ترسیل پر آئے تمام اخراجات بھی خود اٹھائے گا۔

وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے کو ترکیہ اور شام کے متاثرین کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امدادی سامان خریدنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ زدگان کیلئے قائم فنڈ کو ترکیہ کے ساتھ ساتھ شام میں متاثرین کی مدد کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے وزیرِ منصوبہ بندی کو تعلیمی اداروں سے رابطہ کرکے منظم فنڈ ریزنگ مہم چلانے کی ہدایت دی جبکہ وزیرِ اعظم نے وزراتِ مذہبی امور کے علماء کو اعتماد میں لے کر زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے دینی اداروں میں آگاہی پھیلانے کی بھی ہدایت دی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امداد میں شامل تمام وزراء، اداروں اور اہلکاروں کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں، پاکستان اس تاریخی زلزلے سے متاثرہ ترک اور شامی بہن بھائیوں کی حتہ المقدور مدد کرے گا۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف فضائی راستے (ائیر برج) بلکہ زمینی اور سمندری راستے سے ترکیہ اور شام امدادی سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ریسیکو اہلکار ترکیہ میں لوگوں کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان ترکیہ اور شام کے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب ، رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، ترکیہ اور شام میں پاکستان کے سفراء، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری ہوابازی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں