عدالتِ عالیہ نے الیکشن کرانے کےسنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی انٹراکورٹ اپیل سماعت کیلئے مقررکر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ نے الیکشن کرانے کےسنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف الیکشن کمییشن کی انٹراکورٹ اپیل سماعت کےلئے مقررکردی، جسٹس چوہدری اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیرپر مشتمل ڈویثرن بنچ 20فروری کو سماعت کرے گا۔
انٹرا کورٹ اپیل میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف اور گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سنگل بینچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ کا کہنا آئین اورالیکشن ایکٹ کے خلاف ہے۔
انٹرا کورٹ اپیل میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کی تاریخ سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب اسمبلی کےانتخابات کیلئے تاریخ کے اعلان کےعدالتی فیصلے میں ترمیم کےلئےالیکشن کمیشن نے درخواست دائر کردی جس پررجسٹرار آفس نے الیکشن کمیشن کی دائر درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر بطوراعتراض سماعت 20 فروری کو جسٹس جواد حسن کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن شیڈول کے لیے گورنرسے مشاورت کرکے اعلان کیا جاٸے۔ الیکشن کمیشن کا تاریخ دینے کے حوالے سے کوٸی کردار نہیں۔ استدعا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کی حد تک فیصلے میں ترمیم کرے۔




















