نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اختلافات کو بھلا کر متحد ہونا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ملاقات ہوئی جہاں محسن نقوی نے کامران ٹیسوری کا خیر مقدم کیا اور باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور حملے کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ کراچی پولیس، رینجرز اور پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ہوگا، مٹھی بھر عناصر امن کو تباہ نہیں کر سکتے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی پولیس اوررینجرز نے بہادری سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اتحاد اوراتفاق کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام ہر مشکل وقت میں سندھ کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، سندھ کے عوام کے حوالے سے پنجاب کا برادرانہ رویہ قابل تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ امن و امان کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، محسن نقوی


















