پاکستان میں مہنگائی کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوگیا ہے، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی ہفتہ وار شرح 41.54 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوگئیں جبکہ ایک ہفتے میں 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، فی کلو گھی 605 روپے 30 پیسے ہو گیا جبکہ زندہ مرغی فی کلو قیمت 23 روپے 55 پیسے اضافے سے 469 روپے 81 پیسے فی کلو ہوگئی۔
ایک ہفتے کے دوران کیلے 10 روپے 37 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، چینی کی فی کلو اوسط قیمت 3 روپے 15 پیسے بڑھ گئی۔
دال ماش ایک روپے 20 پیسے مہنگی ہو کر 417 روپے 18 پیسے فی کلو ہو گئی جبکہ دہی، تازہ دودھ، بیف اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
پیاز کی قیمت میں 13.84 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 0.81 فیصد سستا ہوا۔



















