پاکستانی اداکار نعیم حق نے معروف اداکار ہمایوں سعید سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں پاکستانی اداکار نعیم حق نے نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ بھارت سے اداکاری کی تربیت لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں نے شاہ رخ کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ تقریباً8 دفعہ دیکھی تھی، مجھے تجسس ہوا کہ شاہ رخ اتنے اچھے اداکار کیسے ہیں؟ اور بالی وڈ کی فلمز میں اداکار کیسے اتنا اچھا پرفارم کرلیتے ہیں؟ ‘
یہ بھی پڑھیں: ’دی کراؤن‘ میں بولڈ سین کرنا ہمایوں سعید کو مہنگا پڑگیا؛ ویڈیو وائرل
اداکار نے کہا کہ ’ میں نے اپنی استاد ساجدہ ونڈل کے پاس جا کر درخواست کی کہ وہ کالج کی بنیاد پر بھارتی اداکار انیل کپور کے ایکٹنگ اسکول میں میرا ایڈمیشن کروا دیں کیوں کہ ذاتی طور پرنوجوانوں کیلئے بھارت جا کر اسکول میں ایڈمیشن لینا بہت مشکل کام ہے، اس کے بعد ان کے تعاون سے میرا بھارت کے اسکول میں ایڈمیشن ہوگیا ‘۔
نعیم حق نے کہا کہ ’ اسکول میں روزانہ 6 گھنٹے اداکاری کی تربیت دی جاتی تھی، 3 دن بعد ہی مجھے وہ کلاسز مشکل لگنے لگیں لیکن وہ تجربہ اچھا ثابت ہوا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ وہاں سے واپس آنے کے بعد میں نے سب سے پہلے کسی سے ہمایوں سعید کا نمبر لیا اور انہیں بتایا کہ میں بھارت سے ایکٹنگ سیکھ کر آیا ہوں، میں چاہتا ہوں میں آپ کے ساتھ ڈراموں میں کام کروں جس پر ہمایوں سعید نے مجھے کہا کہ آپ ابھی پڑھ کر آئے ہیں آپ نے کام تو نہیں کیا نا؟ جس کے بعد میں نے آسمان کی طرف دیکھا اور دعا کی اللہ ایک ایسا وقت آئے کہ میں اس بندے کے ساتھ کام کروں اور انہیں بتاؤں میں کیسا اداکار ہوں ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛ ہمایوں سعید نے ہالی ووڈ سیریز “دی کراؤن” کے بولڈ سین کی حقیقت بتادی
اداکار نعیم حق نے کہا کہ ’ اس کے بعد میں نے ہمایوں سعید کے ساتھ ایک فلم یلغار میں کام کیا لیکن انہیں کبھی نہیں بتایا کہ میں آپ کو کام کے لیے کال کرچکا تھا ‘۔















