پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے 10 فیصد کرائے میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شہزاد اعوان کی صدارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم جب کے پاکستان میں ہر ماہ قیمتیں بڑھائی جارہی ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے اور یہاں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ عالمی منڈی کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی نمائندوں کی طرف سے ڈیزل پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی بلکہ قیمتیں کم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، سب سے زیادہ ٹیکس ٹرانسپورٹرز دیتے ہیں، اور دیوار کے ساتھ بھی ٹرانسپورٹرز کو ہی لگایا جاتا ہے
انہوں نے کہا کہ اب ہم سڑکوں پر آرہے ہیں، چھوٹے ٹرانسپورٹرز تو دور اب بڑے ٹرانسپورٹرز بھی تنگ حال ہیں۔
رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ ہم 10 فیصد کرائے بڑھا رہے ہیں جس کا اثر عام آدمی پر فرق پڑتا ہے اور اس کی زمہ دار یہ حکومت ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا


















