گوادر کے ساحلِ سمندر پر پھینکے گئے جال سے سمندری حیات کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور اب تک جال میں پھنسنے سے متعدد نایاب نسل کے سبز کچھوے ہلاک ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف کے فوکل پرسن سدھیر بلوچ نے بتایا کہ گوادر کے علاقےدران میں پھینکے گئےغیر استعمال شدہ جال سمندری حیات کے لئے جان لیوہ ثابت ہورہے ہیں جن میں پھنسنے سے اب تک نایاب نسل کے36 سبز کچھوے کے بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ترجمان سدھیر بلوچ کا کہنا ہے کہ دران کے ساحلی علاقے میں یہ نایاب نسل کے سبز کچھوے انڈے دیتے ہیں اور ڈیڑھ ماہ بعد یہ بچے انڈووں سےنکل کرسمندر کا رخ کرتے ہیں۔
اس دوران سمندر کی جانب جاتے ہوئے کچھووں کے بچے پھینکے گئے ناقابلِ استعمال پلاسٹک کے جالوں میں پھنس کر ہلاک ہوجاتے ہیں،اس سے پہلے بھی کچھووں کی ان جالوں کے باعث ہلاکت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
سدھیر بلوچ نے گوادر کےماہی گیروں سے گزارش کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ناقابل استعمال جالوں یا ان کے ٹکڑوں کو ساحل پر پھینکنے سے گریز کریں۔



















