سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مجرموں کا گروہ ملک کو فساد کی جانب دھکیل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے قومی اسمبلی میں خطاب پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی تباہی کے بعد مجرموں کا مقتدر ٹولہ پارلیمان کی بے توقیری اور توہین کی تمام حدود پامال کررہا ہے، مجرموں کا اقتدار پر قابض گروہ ملک کو دستوری انارکی و فساد کی جانب دھکیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دستورِ پاکستان ریاستی ستونوں کے مابین اختیارات کی تقسیم کے اصول کا نگہبان ہے، مقننّہ، عدلیہ اور انتظامیہ ایک دوسرے پر حملہ آور ہونے کی بجائے اپنی حدود میں کام کرنے کے پابند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ و حکومت میں بیٹھے مجرم پارلیمان کو عدلیہ پر یلغار کے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کررہے ہیں، فردِ جرم سے بچا کر جاتی امراء کے جس مجرم کو وزارتِ عظمیٰ پر بٹھایا گیا ہے، وہ ایوان کی ساکھ خاک میں ملا رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام سے مسترد ہونے کے بعد پارلیمان کو آئین و ریاستی اداروں کیخلاف سازشوں کا گڑھ بنانے والوں کا محاسبہ لازم ہے، دستور انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے 90 روز سے ایک دن آگے جانے کی اجازت نہیں دیتا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ پہلے انتخاب سے بھاگنے کی کوششیں کرتے رہے، اب سپریم کورٹ کو دھمکانے کیلئے پارلیمان سے حملے کررہے ہیں، قوم اپنی عدلیہ اور دستور کے ساتھ کھڑی ہے، انتخاب کروائیں گے اور پارلیمان و عدلیہ کو مجرموں کی شرانگیزیوں سے بچائیں گے۔


















