ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ واراعدادوشمار جاری کردیے ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.70فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 28.55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ایک ہفتے کے دوران 10اشیاء سستی،17کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ ایک ہفتے میں24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
اس عرصے کے دوران ٹماٹر42فیصد اور پیاز کی قیمت میں8.70فیصد اضافہ ہوا، آلو4.79فیصد اور گندم کا آٹا4 فیصد مہنگا ہوا۔ گڑ 4 فیصد اور چینی کے دام3.48 فیصد بڑھ گئے۔
اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی، کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی، چکن، انڈے، مسور، مونگ اور دال چنا بھی سستی ہوئی۔
دوسری جانب سالانہ بنیاد پر گندم کا آٹا122 فیصد، چائے102 فیصد جبکہ چاول77 فیصد، آلو کے نرخ 69فیصد بڑھ گئے۔



















